وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے صوبے کے دیگر علاقوں میں طوفانی بارش سے پیدا صورتحال کا جائزہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں طوفانی بارش سے پیدا صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ بارشوں سے پیدا صورتحال سے موثر طور پر نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رکھا جائے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ پی ڈی ایم اے، کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاری مکمل رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر کے نشیبی علاقوں برساتی نالوں کے قریب کی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے، برساتی پانی کی گزرگاہوں نالوں کی ہنگامی بنیادوں پر صفائی کی جائے۔
میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ محکمہ داخلہ ڈپٹی کمشنروں کے دفاتر اور پی ڈی ایم کے کنٹرول رومز کو 24 گھنٹے فعال رکھا جائے، کوئٹہ شہر کے اسپتالوں کو بھی ایمرجنسی صورتحال کے لیے تیار رکھا جائے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ شہری موسمی صورتحال کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کریں، عوام پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے، پکنک پوائنٹس پر جانے سے گریز کریں۔
اپنی رائے کا اظہار کریں