کویت کے ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے ملکی پارلیمنٹ تحلیل کرنے اور آئندہ چند ماہ میں نئے انتخابات کا اعلان کیا ہے۔
خبروں ویب سائٹ عاجل ویب کے مطابق کویت کے ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کی نیابت کرتے ہوئے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کویت ملکی استحکام، عوام کی خوشحالی اور اتحاد و سالمیت کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے کہا ہے کہ حکومت انتخابات میں مداخلت کرے گی اور نہ پارلیمنٹ کے آئندہ اسپیکر کے انتخاب میں کوئی دخل دے گی۔
کویتی ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے کہا کہ ریاست کے شہری، مقننہ اور انتظامیہ دونوں اداروں کے کام سے مطمئن نہیں ہیں۔ انتظامیہ اور مقننہ کے درمیان تعلقات میں بگاڑ سے دونوں ریاستی ادارے معطل ہوگئے ہیں۔ ایسی سرگرمیاں ہو رہی ہیں جو قومی اتحاد کے لیے خطرہ اورعوامی مفادات کے منافی ہیں۔
کویت کے ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے ملک کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کا ساتھ دیں۔ آئندہ مرحلے کا تقاضا ہے کہ عوام پارلیمنٹ میں اپنی نمائندگی کے لیے ایسے افراد کا انتخاب کریں جو صحیح معنوں میں اُن کے ترجمان ہوں۔
اپنی رائے کا اظہار کریں